چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کے جوان ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔
جمعرات کو پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان ایئر فورس کے پاس آئوٹ ہونے والے جوان اپنے کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مزین زندگی گذاریں گے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آپ کا طرزِ عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ ادارے کیلئے بھی غیرمعمولی ہوگا، آپ مادرِ وطن کے دفاع، عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔
آرمی چیف نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آپ بہترین جذبے قائم رکھیں گے، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو قائم رکھیں گے۔