لاہور ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا دوبارہ صدر بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں 11 مئی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی قیادت کو 11 مئی کو جنرل کونسل اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق شریک ہوئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق 11 مئی کو ن لیگ کی جنرل کونسل کے طلب کردہ اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی کا دوبارہ صدر اور خواجہ سعد رفیق کو سیکرٹری جنرل منتخب کئے جانے کا امکان ہے۔
جنرل کونسل اجلاس میں نوازشریف کو صدر بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی، مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم متفقہ طور پر پہلے ہی نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرارداد پاس کر چکی ہے، موجودہ صدر وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کے باعث پارٹی امور کو وقت نہیں دے پارہے تھے۔
پارٹی کو عوامی سطح پر فعال اور منظم بنانے کے لئے حکومتی اور تنظیمی عہدے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ن لیگ کی از سر نو تنظیم سازی کرکے پارٹی کو نوازشریف کی قیادت میں دوبارہ چاروں صوبوں میں متحرک اور فعال کیا جائے گا۔
اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ بھی موجود تھے۔