قومی
Trending

تحریک انصاف کا 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان

تحریک انصاف کا 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم کے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر کی گئی پوسٹ کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق مرکز سے نچلی ترین سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو ڈی چوک احتجاج کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں احتجاج کی منسوخی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے کہا کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بیزار ناجائز حکمران ظلم اور سفّاکیت ترک کرنے پر کسی طور آمادہ نظر نہیں آرہے، اڈیالہ میں ناحق قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سیاسی کمیٹی نے کہا کہ عمران خان کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کیلئے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کرلئے گئے ہیں۔ ظلم، جبر اور لاقانونیت کے سامنے نہ جھکنے اور دستور کا حلیہ بگاڑنے کی ریاستی کوششیں قبول نہ کرنے کی پاداش میں سفّاک سرکار عمران خان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

سیاسی کمیٹی نے کہا کہ عمران خان قوم کے مقبول اور معتبر ترین قائد اور کروڑوں پاکستانیوں کی سیاسی و قومی امنگوں کے ترجمان ہیں، غاصب حکمرانوں نے اڈیالہ میں ناحق قید عمران خان کے بنیادی حقوق فوراً بحال کرتے ہوئے ان کے وکلائ، ڈاکٹرز، اہلِ خانہ اور قائدین تک مکمل رسائی فی الفور بحال نہ کی تو بھرپور احتجاج کیلئے 15 اکتوبر کو پورا پاکستان نکلے گا۔

سیاسی کمیٹی کی جانب سے ساہیوال اور ملتان میں بھرپور احتجاج کیلئے نکلنے پر عوام اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا گیا اور پنجاب بھر سے غیرقانونی طور پر تحویل میں لئے گئے کارکنان، ذمہ داران، شہریوں اور اراکینِ صوبائی اسمبلی کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ

پنجاب اور وفاق کی ناجائز سرکاروں سے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے غیرقانونی اور غیراخلاقی چھاپوں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں 13 سے 15 اکتوبر 2024ءتک شنگھائی تعاون تنظیم کا اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف نے ایک ایسے وقت میں ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا جب بیرون ممالک کے وفود پاکستان کے اہم دورہ پر ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button