سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ایچ-ای ابراہیم المبارک کی قیادت میں 50 ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطحی تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے نورخان ایئربیس پر سعودی معززین کا استقبال کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورہ کا مقصد پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع پر دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کی آپس میں ایک دوسرے سے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت نے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لئے متعلقہ شعبوں میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے۔
اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30 سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی۔ بزنس ٹو بزنس میٹنگز زراعت، کان کنی، انسانی وسائل، توانائی، کیمیکلز اور میری ٹائم، جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کریں گی۔ جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ ریفائنری، آئی ٹی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن، تعمیراتی شعبہ، پانی اور بجلی کی پیداوار بھی زیر بحث آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی دونوں کمپنیاں اور سرمایہ کار سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک میں ملازمتیں پیدا کرنے اور برآمدی مواقع کو فروغ دینا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔