قومی

سینئرسیاستدان الہیٰ بخش سومرو 97 برس کی عمرمیں انتقال کرگئے

کراچی:  سینئر سیاست دان اور سابق سپیکر قومی اسمبلی الہیٰ بخش سومرو انتقال کر گئے،ان کی عمر 97 برس تھی ۔

مرحوم الہٰی بخش سومرو کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا، ان کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر جیکب آباد روانہ کر دیا گیا ہے ۔
الہٰی بخش سومرو 1926 میں ضلع جیکب آباد میں پیدا ہوئے ، ان کا تعلق شکار پور میں آباد سومرو خاندان سے ہے جس نے سندھ میں سالہا سال حکومت کی ، وہ مولا بخش سومرو کے فرزند اور احمد میاں سومرو کے بھائی تھے اور پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے۔
مرحوم الہٰی بخش سومرو جنرل ضیا الحق کے دور میں حکومت میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر بنےاور 1985ء میں بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، 29 مئی 1988ء کو جنرل ضیا الحق نے جب محمد خان جونیجو کی وزارت کو برطرف کیا اور نگران کابینہ تشکیل دی تو اس میں وزیراطلاعات و نشریات مقرر ہوئے۔
1990 ء اور پھر 1997ء کے تمام انتخابات میں مسلم لیگ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ ق میں شامل ہوئے اور قومی اسمبلی کے سولہویں سپیکر بنے تاہم 2007ء میں ہونے والے الیکشن میں اپنی نشست پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
سابق سپیکر مختلف ادوار میں متعدد بار رکن قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر اور سینیٹ کا حصہ بنے ۔
الہٰی بخش سومرو ان چند سیاستدانوں میں سے ایک تھے جو پاکستان کے کئی صدور اور وزرائے اعظم کے بہت قریب رہے ، ان کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی اور بچپن کے ساتھیوں میں ہوتا تھا اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو انہیں “انکل “ کہا کرتی تھیں ، وہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور غلام اسحاق خان کے بھی انتہائی قریبی ساتھی رہے۔
وہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، S.I.T.E کے مینجنگ ڈائریکٹر، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ریکٹر رہے ۔
وہ ریکارڈ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تین سالہ مدت کیلئے چار بار چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ قبل ازوفات وہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی کے چانسلر تھے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی ان کی اہلیہ پروین الہٰی بخش دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں تھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button