سیالکوٹ :قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ باوفا اوربہادرلوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کے لوگ کہہ رہےہیں نواز شریف’ لویو‘ میں کہہ رہا ہوں ’لو یو ٹو‘ حکومت ملی تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین چلائیں گے۔
میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف سے میرا تعلق زمانہ طالب علمی سے ہے، خواجہ آصف دوست،سیاست دان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں، ہمارا خواجہ آصف کے ساتھ55 سال کا تعلق ہے،ہم نے اکٹھے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ سے مجھے عشق ہے، جب میں باہر سے آیا تو میں نے کہا کہ خواجہ صاحب ہم نے سیالکوٹ جانا ہے،سیالکوٹ موٹر ویز ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا۔
قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ کون کہتا ہے کہ یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہے ،سارا جلسہ ہی 30سال سے کم عمر والے نوجوانوں کا ہے، حکومت میں آئے تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین شروع کریں گے، نوجوانوں کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، شہباز شریف نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ کی بات کی ہے جوسب کو ملیں گے۔