ریاض:سعودی عرب کے شہر ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2024ء کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہو گیا، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے نمائش کا افتتاح کیا۔
سعودی وزارت دفاع کے زیر اہتمام عالمی دفاعی نمائش 4 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گی، نمائش میں 45 ممالک کے 773 سے زائد نمائش کنندگان اور 115 وفود شریک ہیں اس کےعلاوہ متعدد سرکاری ایجنسیوں، دفاعی صنعت سے وابستہ بڑی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی نمائندگی بھی ہے، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے نمائش کا دورہ بھی کیا۔
نمائش میں وزارت دفاع کے پویلین میں تین بنیادی نکات پر توجہ مرکوز ہے جن میں مستقبل اور ترقیاتی پروگرام، تاریخی تبدیلیاں اور دفاعی و عسکری صلاحیت شامل ہیں، نمائش میں سکیورٹی برقرار رکھنے، سرحدیں محفوظ بنانے، بحرانوں اور آفات سے نمٹنے، فیلڈ ورک کی ترقی، ماحولیات کے تحفظ اور فوجی صنعتوں میں تعاون اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
نمائش کے موقع پر جنرل اتھارٹی برائے ملٹری مینوفیکچرنگ کے نگران انجینئر احمد بن عبدالعزیز العوہلی نے ملٹری انڈسٹری کے شعبے کو مضبوط بنانے اور لوکلائزیشن کیلئے اقدامات کی سپورٹ پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کی سپورٹ کے نتیجے میں 2022 کے آخر تک مینوفیکچرنگ میں لوکلائزیشن کی شرح 4 فیصد سے بڑھ کر 13.4 فیصد ہوگئی ہے۔
احمد بن عبدالعزیز العوہلی نے کہا کہ سپلائی لائن کی لوکلائزیشن کیلئے 74 سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے ہیں، 2030ء تک ملٹری انڈسٹری کی مجموعی پیداوار میں 93.75 ارب ریال حصہ ہو گا جبکہ براہ راست ملازمتوں کے 40 ہزار اور بالواسطہ ملازمتوں کے 60 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔