لاہور (نیوز رپورٹ) نجاب میں بارش بر سانے والا سسٹم داخل ہو گیا جس کے نتیجہ میں بارشیں 29 اپریل تک جاری ر ہنے کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پیر سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کے باعث آندھی، جھکڑ چلنے، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رکھا جائے۔ دریں اثنا صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے شہریوں کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خراب موسم میں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں،آسمانی بجلی سے بچائو کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں،بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی بارشوں کا سامنا ہے،شہری مدد کے لئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔