نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری اتاما حاجی محمد بن حاجی حسن کے درمیان عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے فروغ کے لئے خصوصی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ وسیع تر تعلقات کا جائزہ لیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا اگلا اجلاس رواں سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا
نائب وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں فریقین نے فوری طور پر مخاصمت کے خاتمے اور فلسطینیوں کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر قریبی تعاون کی بھی ضرورت پر زور دیا۔