جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے اس مطالبے کی حمایت کرتا ہوں۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس بات پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہئے کہ ہمارا ملک آج کہاں کھڑا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں 2018ءکے الیکشن پر بھی اعتراض تھا، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو بھی اعتراض تھا، اس وقت بھی تقریباً وہی مینڈیٹ ہے، اسی مینڈیٹ کے ساتھ اس وقت دھاندلی کیوں تھی اور آج دھاندلی کیوں نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ سیاستدان معلومات کی بنیاد پر بات کرتا ہے، اللہ کرے یہ خبر غلط ہو لیکن ہماری معلومات کے مطابق اس مرتبہ بھی اسمبلیاں خریدی اور بیچی گئی ہیں، کون ان اسمبلیوں کو عوام کا نمائندہ پارلیمنٹ کہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہر ایک اس مینڈیٹ پر سوال اٹھا رہا ہے، آج ہارنے والے بھی پریشان ہیں اور جیتنے والے بھی مطمئن نہیں ہیں۔