آسمان سے بارش برستی تو ہر ایک نے دیکھی ہوگی لیکن آج ہم بارش کے ساتھ آپ کو مچھلیوں کی برسات بھی دکھائیں گے۔یہ انوکھا واقعہ مغربی ایران کے شہر یاسوج میں پیش آیا جہاں کے شہری آسمان پر بارش کے ساتھ مچھلیاں برستے دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
کئی لوگوں نے اس نایاب منظر کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہر کے اندر ٹریفک رواں دواں ہے اور اس دوران سڑک پر درجنوں مچھلیاں گرتی بھی دکھائی دے رہی ہیں۔
اس حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مچھلیوں کا آسمان سے برسنا ایک نایاب موسمیاتی منظر ہے جس کی چند صورتیں ہوتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق شدید موسمی صورتحال کے دوران بننے والے آبی بگولے جو دریا یا سمندر کے اوپر تشکیل پاتے ہیں پانی سے مچھلیوں کو اپنے اندر سمیٹ لیتے ہیں۔
یہ مچھلیاں جب اوپر اٹھتی ہیں تو وہ بھنور کے ساتھ آگے بڑھتی ہوئی مخصوص مقام پر برستی ہیں جبکہ ایسا ہی کچھ ہوا کے بگولے یعنی ٹارنیڈو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق دریائی علاقوں میں جب گرج چمک کا طوفان داخل ہو رہا ہوتا ہے تو موسم کی خرابی کے سبب پرندے پریشانی میں ادھر ادھر اڑنے لگتے ہیں اور اکثر اس الجھن کی کیفیت میں ان کے منہ میں مچھلیاں جو دریاؤں سے شکار کی گئی ہوتی ہیں، زمین کی جانب گر پڑتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلا، امریکا سمیت بعض دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اور سائنسدان اس معاملے پر اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔