پاکستان اور چین کا عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی تبادلوں کے تسلسل پر اتفاق
:پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور آہنی دوستی کی وراثت کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کے لئے پارلیمانی تبادلوں کے تسلسل پر اتفاق کیا ہے۔ سی پیک سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی میکانزم(جے سی ایم) کے تیسرے اجلاس کے بعد نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (آئی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر اور کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن لیو جیان چائو نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر سیاسی اتفاق رائے کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جنہوں نے چین کے وزیر لیو جیان چائو کے ساتھ مشترکہ طور پر جے سی ایم اجلاس کی صدارت کی، نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اسلام آباد نے جے سی ایم اجلاس کی میزبانی کی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے فورا بعد اس کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا تھا اور سینئر رہنمائوں کی موجودگی پاک چین اقتصادی راہداری اور علاقائی امن و ترقی کے لئے آہنی دوستی کی اہمیت پر اتفاق رائے کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے سی پیک منصوبوں پر اپنے عزم کا اعادہ کیا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اس کی اپ گریڈیشن کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس میں شریک رہنمائوں نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کے کردار کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی سی پی سی مزید بین الپارلیمانی بات چیت کے لئے300 پاکستانی پارلیمنٹیرینز کو چین مدعو کرے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جے سی ایم نے پاک چین تعلقات کے ساتھ ساتھ سی پیک میں بھی نئی روح پھونک دی ہے ، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں رہنمائوں اور عوام کے تصور کے مطابق دو طرفہ دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی رہے گی۔چینی وزیر لیو جیان چائو نے کہا کہ چین اور پاکستان سی پیک کی اہمیت اور عوام کے لیے اس کے فوائد پر متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی چیلنجز کے پس منظر میں چین اور پاکستان کے درمیان شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی جماعتیں دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعاون کے لئے کوششیں جاری رکھیں گی۔ لوگوں کے درمیان رابطوں پر زور دیتے ہوئے لیو جیان چائو نے خاص طور پر جعلی خبروں کے چیلنج سے نمٹنے اور بہتر تفہیم کو فروغ دینے کے لئے میڈیا روابط میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔