قومی

یوم دفاع پاکستان ۔ وفاقی کابینہ کے اراکان کی شہداء کے گھروں پر آمد، شہداء کو خراج عقیدت

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی کابینہ کے ارکان نے جمعہ کو شہداءکے مزاروں پر حاضری دینے کے ساتھ ساتھ شہداءکے گھروں کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر کابینہ کے اراکین نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے شہید لانس نائیک حسنین علی شاہ کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور پسماندگان سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہید لانس نائیک حسنین علی شاہ نے عوام اور پاک سرزمین کے تحفظ کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم لانس نائیک حسنین علی شاہ کے خون کی مقروض ہے، شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ واضح رہے کہ لانس نائیک حسنین علی شاہ 2015ءمیں وادی تیراہ میں آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہوگئے تھے۔

وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کراچی میں بحریہ قبرستان میں شہدا کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن ہماری بہادر افواج نے دلیری اور جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے راولپنڈی میں کرنل ریٹائرڈ بدر الدین سے ملاقات کی اوران کے صاحبزادے کیپٹن احمد بدر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیپٹن احمد بدر شہید ہمارا فخر ہے، آج ہم اپنے گھروں میں محفوظ ہیں تو یہ احمد بدر شہید جیسے شہداءکی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔ یہ قربانی قوم کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لئے حکومت اور پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہید کے والد نے ایک عظیم اور باہمت باپ ہونے کا ثبوت دیا اور بیٹے کی شہادت پر جس جذبے کا اظہار کیا، پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 رمضان المبارک کو اس ملک کا معرض وجود میں آنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ملک تا قیامت قائم رہے گا۔ کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کرنل ریٹائرڈ بدر الدین کا کہنا تھا کہ جس دلیری اور جرات سے میرے بیٹے نے شہادت کو گلے لگایا اس سے میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کیپٹن احمد بدر شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیر تجارت جام کمال حوالدار محمد منیر عباسی شہید کے گھر گئے اور شہید کے بچوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ شہداءکے گھر آنے کا مقصد ان کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، حکومت ہر طرح سے شہداءکے ساتھ ہے، ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکی وجہ سے ہی پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے شہداءکی قربانیوں کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر شہداءکے اہل خانہ کی مدد کرے گی اور ان کا خیال رکھے گی، ان کا کہنا تھا کہ شہداءنے اپنی جانیں قربان کر کے اس مٹی کی خاطر اپنا حق ادا کر دیا ہے۔ اب ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی پاکستان کو بہتر بنانے میں بھرپور کام کریں۔

وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے اسلام آباد میں شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا ا ور شہید کے اہل خانہ سے ملا قات کی۔ انہوں نے وطن عزیز کیلئے اپنے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کے تحفظ اور دشمن کو ناکام بنانے کیلئے سربکف ہے۔ ہر محب وطن شہری ان شہداءکو اپنے ماتھے کا جھومر سمجھتا ہے۔

وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب راولپنڈی میں لانس نائیک وقارحسین شاہ شہید کے گھرگئے اوران کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے ملک کیلئے وقارحسین شاہ شہید اوردیگرشہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے شہید کے بچوں کو پیار کیا اور کہاکہ قوم وقار حسین شاہ شہید کی قربانی کو سدا یاد رکھے گی۔ وزیر خزانہ نے شہید کی بیوہ ثانیہ نذیر اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے شہداءقوم کا فخر ہیں۔ محترمہ ثانیہ نذیر نے اپنے بچوں کی پرورش حب الوطنی اور ملک کی خدمت کے جذبے سے کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور شہید کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان کے لئے شہادت ایک عظیم رتبہ ہے، شہید کے لئے جنت کی یقینی بشارت ہے، شہداءکی ملک پاکستان کے لئے عظیم قربانیاں ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔

وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے وہ لاہور میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کیپٹن محمد علی قریشی کی خدمات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہید کیپٹن کے اہلِخانہ کے جذبہ حب الوطنی و ایثار کو سراہا اور کہا کہ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناءاللہ شہید کیپٹن نوابزادہ جاذب رحمان کے گھر گئے اور شہید کیپٹن جاذب کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کیپٹن نوابزادہ جاذب رحمان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاک فوج کے ایک شہید بہادر سپوت کے اہل خانہ سے ملاقات میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءنے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ہم ان شہداءکا قرض نہیں اتار سکتے۔ انہوں نے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجنئیر امیر مقام نے حویلی کہوٹہ میں شہداءکی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپاہی راجہ ولایت خان، سپاہی محمد بشیر، سپاہی عالم دین، سپاہی عبد المجید نے ملک کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ہمارے شہداءہمارا فخر ہیں جنہوں نے مملکت پاکستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا قوم اور ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، قوم کے بہادر بیٹے ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کوئٹہ میں شہید میجر جلال الدین کے گھر جا کر شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شہیدوں کا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ پاکستانی قوم اپنے شہداءپر فخر کرتی ہے۔ میرے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں پاک فوج کے ایک شہید بہادر سپوت کے اہل خانہ سے مل رہا ہوں۔ ان شہداءنے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔

وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے میجر ہمایوں جہانزیب شہید کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور میجر ہمایوں جہانزیب شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میجر  ہمایوں جہانزیب 6 اگست 2015 کو ایک مشن کے دوران مانسہرہ کے قریب  ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہو گئے تھے۔ ان کا تعلق آرمی ایوی ایشن کے 27 ویں سکوارڈن سے تھا۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ میجر ہمایوں جہانزیب جیسے شہید ملک و قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں۔ انہوں نے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے بھی میجر عثمان اللہ شہید کے گھر جا کر شہید کے لواحقین سے ملاقات کی اور میجر عثمان اللہ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میجر عثمان اللہ 6 اگست 2015 کو مانسہرہ میں ریسکیو مشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہو گئے تھے۔ میجر عثمان اللہ کی بہادری و خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک شہیدوں کی قربانیوں سے چل رہا ہے،آنکھوں میں آنسو ہوں اور سر فخر سے بلند ہو، یہ آسان بات نہیں۔ شہید کے بیٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آپ کے والد کی عظیم قربانی پر ہم سب کو ناز ہے، شہیدوں کا لہو قوم پر قرض ہے، ڈاکٹر مصدق ملک نے میجر عثمان اللہ شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر جا کر شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی بلند حوصلہ والدہ کو دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ دھرتی کے اس سپوت نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کی۔ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ واضح رہے کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید نے دسمبر 2017 میں شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button