معروف اداکار عابد کاشمیری انتقال کر گئے۔ مرحوم کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
اداکار عابد کاشمیری نے سینکڑوں ٹی وی اور اسٹیج ڈراموں سمیت فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔
عابد کشمیری کو 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بازار حسن‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کے لیے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ان کی مشہور فلموں میں جیتے ہیں شان سے اور آہٹ بھی شامل ہیں۔
ان کے ٹی وی ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں لوہاری گیٹ، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارہ اور اپنے لوگ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔ ڈرامہ سمندر میں عابد کشمیری کا کردار گلوبادشاہ بہت مقبول ہوا تھا۔
عابد کاشمیری کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوگوار لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی عابد کاشمیری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیائے فن کا روشن ستارہ گل ہو گیا، عابد کاشمیری کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء پُر ہونا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔