گجرات:
یونان کے ساحل پر کشتی اُلٹنے کے سانحے میں مرنے والوں کی تعداد چالیس تک پہنچ گئی، یونانی حکام کی جانب سے 35 پاکستانیوں سمیت زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے امدادی کوششیں بغیر کسی کامیابی کے ختم ہو گئیں۔
پاکستان میں حکام نے منگل کو سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور نارووال اضلاع سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی ۔ بدھ کے روز لاپتہ ہونے والے 35 شہریوں کی موت ہو گئی تھی، جس سے ان کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متاثرین کو پنجاب سے لیبیا پہنچانے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان کے خلاف مزید 6 مقدمات درج کر لیے ہیں جہاں سے انہیں کشتیوں پر یونان روانہ کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام نے مقامی سہولت کاروں کی شناخت چھپانے کے لیے مبینہ طور پر ایف آئی آرز کو ‘’سیل‘’ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے گجرات اور گوجرانوالہ سرکلز میں تین مقدمات درج ہیں، بدھ کو کشتی حادثے کے سلسلے میں مزید دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اب تک حراست میں لیے گئے افراد کی کل تعداد چار ہے۔