پاکستان تحریک انصاف نے آج ترنول میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔ اس ضمن میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گورہر نے کہا کہ جلسہ ملتوی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، جلسے کی نئی تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسلام آباد جلسہ کی تاریخ تبدیل کی گئی۔
اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال دیے جانے پر پولیس نے فیض آباد اور ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی مکمل سیل کر دیا گیا تھا جس کے باعث راستوں کی بندش سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت رات گئے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امنِ عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے، احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روزمرہ کے معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آج 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوگ شام 4 بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔