اسلام آباد:
صدر آصف علی زرداری نے علاقائی سمندری تعاون کو فروغ دینے اور بحرہند میں امن، ترقی اور پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
چین کے شہر کنمِنگ میں منعقدہ بلیو اکانومی کوآپریشن کے تیسرے چائنا-انڈین اوشین ریجن فورم سے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے آب و ہوا کی تبدیلی، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کے اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سمندر کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے اجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سمندری تعاون کو فروغ دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت کے لیے تیار ہے کہ ہمارا خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے۔
واضح رہے کہ چین کے شہر کنمنگ میں 14 سے 16 دسمبر تک منعقد ہونے والے اس فورم کا انعقاد چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے کیا تھا اور اس میں سمندری شعبے میں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی ہے۔