سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کےدوران آج ضلع بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع میں سوپور کے علاقے نوپورہ میں محاصر ے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔فوجیوں نے علاقے میں ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی بھی کیا۔
بھارتی فوجیوں نے نوپور ہ میں آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔
دریں اثنا، قابض انتظامیہ نے بھارتی فوج کے آپریشن کے پیش نظر آج تحصیل سوپور کے تمام سرکاری ونجی کالجوں ، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔